انقرہ17ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)ترکی میں ایک نوجوان فرانسیسی صحافی کو رہا کر دیا گیا ہے۔ لْوپ بْورْو نامی صحافی رہائی کے بعد فرانسیسی دارالحکومت پیرس پہنچ گیا ہے۔ صحافی کی رہائی کی تصدیق صحافیوں کی بین الاقوامی تنظیم رپورٹرز وِد آؤٹ بارڈرز کے ترجمان کرسٹوف ڈیلوئر نے بھی کر دی ہے۔ ترکی میں فرانسیسی صحافی کو پچاس ایام سے زائد قید میں رکھا گیا۔ اْسے دہشت گردی کے الزامات کا سامنا تھا۔ ڈیلوئر نے یہ بھی بتایا کہ لْوپ بْورْو فرانسیسی ہوائی کمپنی ایئر فرانس کی ایک پرواز کے ذریعے اتوار سترہ ستمبر کی صبح ساڑھے آٹھ بجے استنبول سے پیرس پہنچا تھا۔ ترک حکام کی جانب سے اس رہائی کے حوالے سے کوئی تفصیل بیان نہیں کی گئی ہے۔